گاندربل: امرناتھ یاترا کی تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ ہے کہ امرناتھ یاترا ٹریک کی دیکھ بھال کا مجموعی کنٹرول اب بارڈر روڈز آرگنائزیشن کے تحت ہے۔ اطلاعات کے مطابق سالانہ امرناتھ یاترا کی تیاریوں کے ایک حصے کے طور پر، جموں و کشمیر کے حکام نے بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) کو بالتل سائیڈ سے امرناتھ گھپا تک برف صاف کرنے کی ہدایت دی ہے۔ یہ یاترا عام طور پر جون یا جولائی میں شروع ہوتی ہے۔ گاندربل ضلع کے بالتل سے امرناتھ گھپا تک کا سفر 14 کلومیٹر کا ہے۔ یہ سڑک کافی تنگ ہے اور خطروں سے بھرا ہے ساتھ ہی موسمی حالات پر منحصر ہے۔ نامہ نگار کے مطابق برف صاف کرنے کا کام بارڈر روڈز آرگنائزیشن کی طرف سے شروع کیا گیا ہے اور جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس مشینری اور مزدوروں کو بالتل بیس کیمپ سے امرناتھ گھپا کی طرف جانے والے راستے پر کام پر معمور کیا گیا ہے۔
امرناتھ یاترا کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب اس سڑک پر محکمہ آر اینڈ بی کشمیر نے حکومت کی ہدایت پر اپنا کام بند کیا ہے اور اب سارا کام بارڈر روڈز آرگنائزیشن کے کنٹرول میں ہے۔ اس سڑک پر کام کرنے والے مزدوروں کا کہنا ہے کہ اس وقت ہم برف ہٹانے کا کام کر رہے ہیں اس کے بعد ہم 14 کلومیٹر یاترا ٹریک پر 12 سے 14 فٹ تک چوڑا کرنے کا کام کریں گے۔ یاتریوں اور دیگر ملازمین کے لیے سڑک محفوظ رہے گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہماری یہی کوشش ہے کہ ہم یاترا ٹریک کو چوڑا کر سکیں کیونکہ گزشتہ کئی برسوں سے پسیاں گرنے اور گھپا کے نزدیک بادل پھٹنے کی وجہ سے وہاں انسانی جانیں ضائع ہوتی رہی ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ راستہ گھپا تک ایسا چوڑا بنے کہ گھپا تک ایمبولینس اور مشینری بھی پہنچے۔تاکہ یاتریوں کو کوئی بھی مشکل پیش نہ آئے۔