پریاگ راج:ریاست اترپردیش کے شہر پریاگ راج میں واقع اٹالہ مسجد کے امام علی احمد کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ ان پر بعد نماز جمعہ ہونے والی ہنگامہ آرائی کی سازش رچنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں پولیس ان سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ اتوار کو امام کے علاوہ پولیس نے مزید 23 افراد کو بھی گرفتار کیا ہے۔ اس سلسلے میں پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج، فوٹو اور ویڈیوز کی مدد لے رہی ہے۔ اٹالہ مسجد کے موجودہ امام علی احمد پر بھی اٹالہ علاقے میں ہنگامہ آرائی کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ امام سمیت 24 افراد کو گرفتار کیا ہے۔
اس سے قبل پولیس جاوید پمپ سمیت 68 افراد کو گرفتار کر کے جیل بھیج چکی ہے۔ اس طرح پولیس نے ہنگامہ کے دن سے اتوار کی شام تک 92 لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ اس میں چار نابالغ ملزمان بھی شامل تھے۔ پولیس اس معاملے میں دیگر ملزمان کو مختلف ذرائع سے شناخت کرکے گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ ضلع پریاگ راج کے خلد آباد تھانہ علاقے کے اٹالہ چوراہے پر بعد نماز جمعہ لوگوں نے گستاخ رسول نُپور شرما کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اسے پھانسی دینے کا مطالبہ کیا۔ اس دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ ہوئی جس کے بعد پولیس نے مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعال کیا اور لاٹھی چارج کی۔