نئی دہلی:دہلی کے سابق میئر فرہاد سوری نے دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال پر سوال اٹھاتے ہوئے جمعہ کو کہا کہ نظام الدین پولیس اسٹیشن سے چند قدم کے فاصلے پر ڈاکو ان کی بہن کی کار سے بیگ لے کر فرار ہوگئے اور پولیس تاحال کوئی سراغ نہیں لگا سکی۔ سوری نے آج یہاں بتایا کہ ان کی بہن منگل کی رات تقریباً 8 بجے صفدرجنگ انکلیو سے آرہی تھی۔ لودھی روڈ پر گاڑی میں کوئی آواز سنائی دی جس کے بعد ڈرائیور نے گاڑی کو دیکھنے کے لیے نظام الدین تھانے سے چند قدم کے فاصلے پر سبز گنبد کے قریب روکا۔ جیسے ہی گاڑی رکی تو موٹر سائیکل پر سوار دو افراد آئے اور کار کا دروازہ کھولا اور بیگ لے کر فرارہوگئے۔ بیگ میں ایک لاکھ 75 ہزار روپے نقد کے ساتھ ساتھ ڈیوڈ کارڈ، آدھار کارڈ، پین کارڈ وغیرہ بھی تھے۔
انہوں نے کہا کہ واقعہ کی اطلاع فوری طور پر تھانے میں دی گئی لیکن پولیس کو تاحال کوئی سراغ نہیں ملا۔ سب سے حیران کن بات یہ ہے کہ اس حساس علاقے میں جہاں ملک و دنیا کے کونے کونے سے لوگ ہمایوں مقبرہ، سندر نرسری، نظام الدین درگاہ اور مرکز میں آتے ہیں، لیکن یہاں سی سی ٹی وی کام نہیں کر رہا ہے۔ سی سی ٹی وی کی خرابی کے باعث پولیس کو کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ سوری نے کہا کہ ایک طرف مرکز کی بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت راجدھانی میں امن و امان کے لیے آواز اٹھا رہی ہے اور دوسری طرف کیجریوال حکومت جگہ جگہ سی سی ٹی وی لگا کر تعریفیں حاصل کر رہی ہے۔ لیکن شام ڈھلتے ہی ایسے واقعات دونوں حکومتوں کے راز فاش کر رہے ہیں۔ یہ بہت سنگین معاملہ ہے اور اس سلسلے میں وہ جلد ہی پولیس کمشنر سے ملاقات کریں گے اور ان سے مجرموں کو پکڑنے کی درخواست کریں گے۔