نئی دہلی: ملک بھر میں آج عید جوش و خروش سے منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے عید الفطر کے موقع پر ہم وطنوں کو مبارکباد دی ہے۔ جمعہ کو راشٹرپتی بھون کی طرف سے جاری ہوئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عید رمضان کے مقدس مہینے کے اختتام کی علامت ہے۔ عید محبت اور ہمدردی کے جذبات بانٹنے کا تہوار ہے۔ یہ تہوار ہمیں اتحاد اور باہمی ہم آہنگی کا پیغام دیتا ہے۔ مرمو نے کہا، "یہ تہوار ہم آہنگی کے جذبے سے منایا جاتا ہے اور یہ تہوار ہمیں ایک پرامن اور خوشحال معاشرہ بنانے کی ترغیب دیتا ہے۔ ہم اس موقع پر معاشرے میں بھائی چارے اور ہم آہنگی کے جذبے کو فروغ دینے کا عزم کرتے ہیں۔'
وہیں وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ٹوئٹ کر کے عید الفطر کی مبارکباد دی۔ وزیر اعظم نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ آپ سبھی کو عیدالفطر کی مبارکباد۔ انہوں نے کہا کہ 'ہمیں اپنے معاشرے میں ہم آہنگی اور ہمدردی کے جذبے کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہونا چاہئے۔ میں اس موقع پر سب کی صحت اور تندرستی کے لیے بھی دعا گو ہوں۔ عید مبارک۔