نئی دہلی: کانگریس نے راہل گاندھی کی لوک سبھا کی رکنیت منسوخ کے خلاف محاذ کھول دیا ہے۔ ملک بھر میں مختلف مقامات پر مظاہرے جاری ہیں۔ ادھر منگل کی شام کو کانگریس لیڈران نے لال قلعہ سے دہلی کے ٹاؤن ہال تک 'جمہوریت بچاؤ مشال شانتی مارچ' نکالنے کی کوشش کی۔ جیسے ہی لیڈر اور کارکن جمع ہوئے، دہلی پولیس نے انہیں اپنی تحویل میں لے لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مارچ کی اجازت نہیں ہے۔
اتراکھنڈ کے سابق وزیر اعلی ہریش راوت نے کہا کہ یہ جمہوریت کا قتل ہے۔ ہم نے مشعلیں جلائ، جنہیں پولیس نے بجھا دیا۔ ہم اپنے دل کی مشعل روشن کریں گے، ہر ظلم کے خلاف لڑیں گے۔ بتایا جا رہا ہے کہ پی چدمبرم-ہریش راوت جیسے بزرگ لیڈروں کو لال قلعہ جانے سے روک دیا گیا تھا۔ جے پی اگروال سمیت کئی کانگریس کارکنان کو حراست میں لیا گیا ہے۔ سب کو نیو پولیس لائن لے جایا جا رہا ہے۔