نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی آج آسام کا دورہ کریں گے اور اس دوران وہ تقریباً 14,300 کروڑ روپے کے مختلف پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) نے یہ اطلاع دی۔ پی ایم او کے مطابق وزیر اعظم آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس)، گوہاٹی اور آسام میں تین دیگر میڈیکل کالجوں کا افتتاح کریں گے اور 'آپ کے دوار آیوشمان' مہم کا آغاز کریں گے۔
اس کے مطابق وزیر اعظم آسام ایڈوانسڈ ہیلتھ کیئر انوویشن انسٹی ٹیوٹ، پلاشباری اور سولوچی کو جوڑنے والے برہم پترا ندی پر پل اور شیو ساگر میں رنگ گھر کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے۔ پی ایم او نے کہا کہ وزیر اعظم دوپہر تقریباً 12 بجے ایمس گوہاٹی پہنچیں گے اور اس کے نئے تعمیر شدہ کیمپس کا معائنہ کریں گے۔ اس کے بعد ایک عوامی تقریب میں وہ ایمس گوہاٹی اور تین دیگر میڈیکل کالجوں کو قوم کے نام وقف کریں گے۔