ہماچل پردیش میں سو فیصد کورنا کی پہلی خوراک کی تکمیل کے بعد وزیر اعظم مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ریاست کو اگلے 25 برسوں میں کیمیکل سے پاک کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہماچل پردیش میں صلاحیت ہے اور انہیں یہاں کے نوجوانوں پر مکمل بھروسہ ہے۔ یہاں کے نوجوانوں نے جس طرح ملک کی سرحدوں کی حفاظت کی ہے، اسی طرح وہ یہاں کی مٹی کی بھی حفاظت کریں گے اور یہاں کے کسان اس میں قائدانہ کردار ادا کریں گے۔'
وزیر اعظم نے کہا کہ ہماچل پردیش کو ایک لاکھ کروڑ روپے کے زرعی انفراسٹرکچر فنڈ سے بھرپور فائدہ اٹھاکر اور اس کی مدد سے کولڈ اسٹوریج اور فوڈ پروسیسنگ پلانٹس لگا کر مقامی پیداوار سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت جدید رابطے کی توسیع پر زور دے رہی ہے اور سڑک، ریل، ہوائی اور انٹرنیٹ خدمات کی توسیع کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ اس سے سیاحت کے ساتھ ساتھ کسانوں، تعلیم اور صحت کے شعبے کو بہت زیادہ فوائد حاصل ہو سکتے ہیں۔'
انہوں نے کہاکہ حکومت نے ڈرون ٹیکنالوجی کے قوانین میں نرمی کی ہے جس سے ہماچل پردیش میں زراعت کے شعبے کے نئے امکانات کو وسعت مل سکتی ہے۔ گھروں میں ادویات کی آسان ترسیل کے ساتھ ساتھ باغات اور زمین کے سروے سے فائدہ ہو رہا ہے۔ ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال سے پہاڑی علاقے کی زندگی آسان ہو سکتی ہے اور جنگل کے علاقے کو بھی محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔'
مودی نے کہاکہ ہماچل پردیش کی خواتین سیلف ہیلپ گروپس کے ذریعے آن لائن پلیٹ فارم کے توسط سے ملک اور بیرون ملک مقامی مصنوعات فروخت کر سکتی ہیں۔ سیب، سنترہ، کینو اور سبزیوں کی مانگ بڑھ رہی ہے۔ جنگل کے وسائل اور جڑی بوٹیوں کے حوالے سے بھی اس کوشش کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔'