نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی پارلیمنٹ کے جاری بجٹ اجلاس کے دوران جمعرات کو راجیہ سبھا میں دوپہر 2 بجے صدر کے خطاب پر تحریک شکریہ (Motion of Thanks) کا جواب دیں گے۔ بدھ کو تحریک پر آخری اسپیکر کے بولنے کے بعد راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھر نے کہا کہ وزیراعظم کا جواب کل دوپہر 2 بجے آئے گا۔
راجیہ سبھا میں صدر کے خطاب پر تحریک شکریہ پر بحث بدھ کو ختم ہوگئی۔ صدر دروپدی مرمو نے بجٹ اجلاس کے پہلے دن 31 جنوری کو لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا تھا۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے اپنے پہلے خطاب میں دروپدی مرمو نے کئی مسائل بشمول دفاع، خلا، خواتین کو بااختیار بنانے اور ایک ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر کے لیے 'امرت کال' کے دوران عوامی شمولیت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ملک میں ایک ایسی حکومت ہے جو مستحکم، بے خوف اور فیصلہ کن ہے، تمام طبقات کے لیے بلا تفریق کام کرتی تھی اور وراثت کے ساتھ ساتھ 'وکاس' (ترقی) پر زور دیتی ہے۔ مرمو نے جمہوریت اور سماجی انصاف کے سب سے بڑے دشمن بدعنوانی کے خلاف حکومت کی انتھک لڑائی کے بارے میں بات کی، تاہم اپوزیشن نے صدر کے خطاب پر تنقید کی۔