اردو

urdu

ETV Bharat / bharat

PM Modi South Africa Visit وزیراعظم مودی منگل کو جنوبی افریقہ اور یونان کے دورہ پر روانہ ہوں گے - ای ٹی وی بھارت اردو کی خبر

وزیراعظم مودی جوہانسبرگ میں تین دن تک جنوبی افریقہ کی صدارت میں 15ویں برکس سربراہی اجلاس کے پروگراموں میں شرکت کریں گے اور وہاں جمع ہونے والے مختلف ممالک کے لیڈروں میں سےکچھ کے ساتھ دوطرفہ بات چیت بھی کریں گے۔ اس کے بعد وزیراعظم مودی 25 اگست کو یونان کا دورہ کریں گے۔

PM Modi to leave for South Africa on Tuesday to attend Brics summit
وزیراعظم مودی منگل کو جنوبی افریقہ اور یونان کے دورہ پر روانہ ہوں گے

By

Published : Aug 21, 2023, 9:30 PM IST

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی جنوبی افریقہ اور یونان کے اہم چار روزہ دورے پر منگل کی صبح دہلی سے روانہ ہوں گے۔ جنوبی افریقہ میں، وہ برکس سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے جہاں برکس گروپ کے دیگر اعلی رہنماوں کے ساتھ ساتھ چین کے صدر شی جن پنگ بھی ہوں گے۔ دورے کے پہلے مرحلے میں وزیراعظم مودی جوہانسبرگ میں تین دن تک جنوبی افریقہ کی صدارت میں 15ویں برکس چوٹی کانفرنس کے پروگراموں میں شرکت کریں گے اور وہاں جمع ہونے والے مختلف ممالک کے لیڈروں میں سےکچھ کے ساتھ دوطرفہ بات چیت بھی کریں گے۔

تاہم حکام سے جب اس دوران چینی صدر جن پنگ کے ساتھ وزیر اعظم کی دو طرفہ ملاقات کے امکان کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ دو طرفہ ملاقاتوں کے بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ وہاں سے وزیر اعظم یونان کے ایک روزہ سرکاری دورے پر ایتھنز روانہ ہوں گے۔ پیر کو وزارت خارجہ میں منعقد ایک خصوصی پریس کانفرنس میں خارجہ سکریٹری ونے موہن کواترا نے کہا، "برکس گروپ (برازیل، روس، ہندوستان، چین اور جنوبی افریقہ) 15ویں اجلاس کے لیے کل وزیر اعظم جوہانسبرگ روانہ ہوں گے۔ یہ میٹنگ درحقیقت کل سے شروع ہو رہی ہے اور 24 اگست کو اختتام پذیر ہو گی۔ ڈیجیٹل میڈیم کے ذریعے منعقد ہونے والی گزشتہ تین برکس سربراہی کانفرنسوں کے بعد یہ پہلی ایسی میٹنگ ہے جہاں برکس رہنما ذاتی طور پر موجود ہوں گے۔

اس بار برکس سربراہی اجلاس کا موضوع 'برکس اور افریقہ: باہمی تیز رفتار اقتصادی ترقی، صحت مند ترقی اور ہمہ گیر ترقی کے لیے جامع کثیر جہتی نظام کے لیے شراکت داری' ہے۔ کواترا نے کہا، "ہم سب جانتے ہیں کہ ہندوستان برکس فورم کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ ہندوستان اسے کثیر قطبی عالمی نظم کی خواہش کا اظہار سمجھتا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو دنیا کو درپیش بہت سے چیلنجز کا حل پیش کر سکتا ہے اور یہ صحت مند اور جامع ترقی کے اہداف کو ذہن میں رکھتے ہوئے عالمی نظام کو مزید منصفانہ، کھلا اور جامع بنانے میں اپنا حصہ ڈال سکتا ہے۔" ہندوستان نے 2021 برکس سربراہی اجلاس کی میزبانی کی تھی۔

وزیراعظم مودی 24 اگست کو برکس-افریقہ کنیکٹیویٹی اور برکس پلس مباحثوں میں حصہ لیں گے جس میں دیگر مدعو ممالک کے قائدین بھی شرکت کریں گے۔ اس میں افریقی ممالک کے ساتھ شراکت داری اور گلوبل-ساؤتھ کی ترقی (ترقی پذیر اور کم ترقی یافتہ ممالک کی ترقی) سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جا سکتا ہے۔ کواترا نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے ہندوستان کی صدارت میں آئندہ جی 20 چوٹی کانفرنس کی تیاریوں کے سلسلے میں جنوری میں گلوبل ساؤتھ سمٹ کا انعقاد کرکے ہندوستان کی سوچ کو سب کے سامنے واضح کردیا ہے۔ اس دوران ہندوستان کا ایک تجارتی وفد برکس بزنس کونسل اور برکس بزنس فورم جیسی میٹنگوں میں بھی شرکت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ دہلی میں ہونے والی جی 20 سربراہی کانفرنس میں اب تک کی سب سے زیادہ افریقی ممالک کی جی 20 میں شرکت ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں:

مودی نے آخری بار 10ویں برکس چوٹی کانفرنس کے سلسلے میں جولائی 2018 میں جنوبی افریقہ کا دورہ کیا تھا۔ اس سے پہلے مودی جولائی 2016 میں دو طرفہ میٹنگ کے لیے وہاں گئے تھے۔ قبل ازیں صدر سیرل رامافوسا نے جنوری 2019 میں ہندوستان کا دورہ کیا تھا اور یہاں 70ویں یوم جمہوریہ کی تقریبات میں مہمان خصوصی تھے۔ مودی اور رامافوسا نے جون 2022 میں جرمنی میں جی 7 سربراہی اجلاس کے موقع پر بھی ملاقات کی تھی اور کچھ ہفتے قبل حال ہی میں فون پر بات چیت کی تھی۔

خارجہ سکریٹری نے کہا کہ مودی وزیر اعظم کیریاکوس میتسوتاکس کی دعوت پر 25 اگست کو ایتھنز کا دورہ کریں گے۔ مودی 1983 کے بعد یونان کا دورہ کرنے والے ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم ہوں گے۔ ویسے سابق صدر اے پی جے عبدالکلام اور سابق صدر رام ناتھ کووند اپنی مدت کار میں یونان کے دورے پر گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایتھنز میں اپنے رسمی استقبال کے بعد مودی 'نامعلوم فوجیوں کی یادگار' پر خراج عقیدت پیش کرنے جائیں گے۔ اس کے بعد وہ میزبان وزیراعظم کے ساتھ وفود کی سطح پر بات چیت میں شرکت کریں گے۔ دونوں وزرائے اعظم بعد میں دونوں ممالک کے تاجروں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔ مودی کا ایتھنز میں ہندوستانی برادری سے ملاقات اور خطاب کرنے کا بھی پروگرام ہے۔ (یو این آئی)

ABOUT THE AUTHOR

...view details