نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی 3 جنوری کو صبح ساڑھے دس بجے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے 108ویں انڈین سائنس کانگریس (آئی ایس سی) سے خطاب کریں گے۔ آئی ایس سی کا 108 واں سالانہ اجلاس راشٹرسنت توکادوجی مہاراج ناگپور یونیورسٹی میں منعقد ہوگا، جو اس سال اپنی صد سالہ بھی منا رہی ہے۔PM to address 108th Indian Science Congress
اس سال کے آئی ایس سی کا مرکزی موضوع 'خواتین کو بااختیار بنانے کے ساتھ پائیدار ترقی کے لیے سائنس اور ٹیکنالوجی' ہے۔ اس کانگریس میں پائیدار ترقی، خواتین کو بااختیار بنانے اور اس مقصد کو حاصل کرنے میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے رول پر بات چیت کی جائے گی۔ شرکاء تدریس، تحقیق اور صنعت کے اعلیٰ شعبوں میں خواتین کی تعداد بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کریں گے اور اس کے ساتھ ساتھ خواتین کو ایس ٹی ای ایم-اسٹیم (سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، ریاضی) کی تعلیم، تحقیق کے مواقع تک مساوی رسائی فراہم کرانے اور اقتصادی شراکت داری کے طریقے تلاش کرنے کی کوشش کریں گے۔ سائنس اور ٹیکنالوجی میں خواتین کی شراکت کو اجاگر کرنے کے لیے ایک خصوصی پروگرام بھی منعقد کیا جائے گا جس میں معروف خاتون سائنسدانوں کے لیکچرز بھی ہوں گے۔