دہلی: راجستھان کے اجمیر میں واقع خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ پر 811 واں عرس مبارک کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ عرس مبارک کے موقع پر ملک کی مختلف سیاسی پارٹیوں کی جانب سے خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ پر چادر چڑھانے کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی درمیان خواجہ معین الدین چشتی رحمتہ اللہ علیہ کے 811 ویں عرس مبارک کے موقع پر وزیراعظم نریندر مودی نے اجمیر شریف درگاہ کے لیے چادر پیش کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم مودی کے ساتھ ساتھ مرکزی وزیر اسمرتی ایران، بی جے پی مائنارٹی مورچہ کے صدر جمال صدیقی بھی موجود تھے۔ اقلیتی امور کی مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ملک کی ترقی اور سماج میں بھائی چارہ اور امن کے ساتھ آج وزیراعظم مودی نے خواجہ معین الدین چشتی کے 811 ویں عرس کے موقعے پر راجستھان میں اجمیر شریف درگاہ کے لیے وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے چادر پیش کی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل نیشنل لوگ جن شکتی پارٹی کے سپریم چراغ پاسوان نے خواجہ معین الدین چشتی کے 811 ویں عرس کے موقع پر اجمیر شریف درگاہ کے لیے چادر بھیجی تھی۔ اجمیر شریف عرس مبارک میں یہ چادر ان کے نمائندے صابرعلی لے کر پہنچے جہاں درگاہ کے خادم سید ظہور بابا چشتی کی معرفت خواجہ صاحب کے مزار اقدس پر یہ چادر پیش کی گئی اور ملک میں امن و امان کی دعا مانگی گئی۔ رام ولاس پاسوان کے صاحبزادے اور لوک جن شکتی پارٹی کے سربراہ چراغ پاسوان کی جانب سے اجمیر شریف میں چادر بھیج کر ملک میں خیرسگالی کا پیغام دیا گیا۔