وزیر اعظم نریندر مودی علی گڑھ پہنچ گئے ہیں۔ پی ایم مودی نے راجہ مہندر پرتاپ کے نام سے قائم ہونے والی یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بھی موجود تھے۔ علی گڑھ پہنچنے کے بعد پی ایم مودی نے اترپردیش ڈیفنس انڈسٹریل کوریڈور کا دورہ کیا۔
پی ایم مودی کے ساتھ یوپی کی گورنر آنندی بین پٹیل، یوپی کے سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ بھی موجود تھے۔ پی ایم مودی نے یہاں یونیورسٹی کے ماڈل کا جائزہ لیا۔
اس دوران پی ایم مودی نے کہا کہ آج علی گڑھ مغربی اتر پردیش کے لیے ایک بڑا دن ہے۔ آج رادھاشٹمی یعنی رادھا کا یوم پیدائش ہے۔ میں رادھاشٹمی کے موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ آج میں کلیان سنگھ جی کی غیر موجودگی کو بہت زیادہ محسوس کررہا ہوں۔
اگر کلیان سنگھ جی آج ہمارے ساتھ ہوتے تو راجہ مہندر پرتاپ سنگھ علی گڑھ کی نئی شناخت کو اسٹیٹ یونیورسٹی اور ڈیفنس سیکٹر میں بنتے دیکھ کر بہت خوش ہوتے۔
پی ایم مودی نے کہا کہ آج جب ملک اپنی آزادی کے 75 سال منا رہا ہے۔ تب ان کوششوں کو مزید تقویت ملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ملک کا ہر نوجوان جو بڑے خواب دیکھ رہا ہے۔ جو بڑے اہداف حاصل کرنا چاہتا ہے اسے راجہ مہندر پرتاپ سنگھ جی کے بارے میں جاننا چاہیے ۔
انہوں نے کہا کہ ایسی بہت سی عظیم شخصیات نے ہماری آزادی کی تحریک میں اپنا سب کچھ خرچ کیا۔
لیکن یہ ملک کی بدقسمتی تھی کہ آزادی کے بعد ملک کی اگلی نسلیں ایسے قومی ہیروز اور قومی ہیروئنوں کے تعارف سے ناواقف ہیں۔
ملک کی کئی نسلیں ان کی کہانیاں جاننے سے محروم تھیں۔
آج 21ویں صدی کا ہندوستان 20ویں صدی کی ان غلطیوں کو درست کررہا ہے۔
پی ایم مودی نے کہا کہ آج ملک کے وزیر اعظم کے طور پر مجھے ایک بار پھر یہ اعزاز حاصل ہوا ہے کہ میں راجہ مہندر پرتاپ سنگھ جیسی شخصیت اور عظیم آزادی کے جنگجو کے نام پر بننے والی یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھ رہا ہوں۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے لیے بھی راجہ مہندر پرتاپ سنگھ جی نے بڑی زمین دی تھی۔