سروہی: وزیر اعظم نریندر مودی راجستھان کے ضلع سروہی کے آبو روڈ پہنچے لیکن تاخیر کی وجہ سے عوام سے خطاب کیے بغیرہی گجرات واپس لوٹ گئے۔ وزیراعظم صرف سات منٹ ابوروڈ میں رکے اور رات 10 بجے کے بعد مائیک کا استعمال نہ کرنے کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے انہوں نے تقریر نہیں کی۔ Pm Modi Addresses Sirohi Rally Without Mic
وزیراعظم نے گھٹنوں کے بل تین بار ابوروڈ کی سرزمین کو سلام پیش کیا اور اجلاس میں شریک لوگوں کا سلام قبول کیا۔ انہوں نے کہا، رات 10 بجے کے بعد مائیک استعمال نہ کرنے کے اصولوں پر عمل کرتا ہوں اور میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ اس میٹنگ میں شرکت کر کے آپ نے جو پیار دیا اس کا بدلہ میں سود سمیت چکاوں گا، ایک بار پھر میں آپ کے درمیان آؤں گا اور اپنی بات کہوں گا۔" یہ بات انہوں نے مائیک بند کرکے کہی۔
اسٹیج پر بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر ستیش پونیا نے پگڑی پہنا کر مسٹر مودی کا استقبال کیا۔ بی جے پی لیڈروں نے انہیں بھگوان شری رام کی تصویر پیش کی۔ اس کے بعد وزیر اعظم ہوائی پٹی مان پور واپس آئے اور وہاں سے احمد آباد روانہ ہو گئے۔ عوام انہیں سننے کے لیے تین گھنٹے سےانتظار کر رہے تھے، لیکن امباجی اور گبر سے دیر سے روانہ ہونے کی وجہ سے وہ عوام سے خطاب نہیں کر سکے۔ مودی کی بات نہ سننے کی وجہ سے لوگ واپس لوٹتے ہوئے مایوس نظر آئے۔