گوالیار: وزیر اعظم نریندر مودی آج سخت حفاظتی انتظامات میں مدھیہ پردیش کے ضلع شیوپور میں واقع کونو نیشنل پارک پہنچے، جہاں وہ تقریباً 70 سال بعد نامیبیا سے لائے گئے چیتوں کو باضابطہ طور پر پارک میں چھوڑ کر ملک میں چیتے کی نسل دوبارہ آباد کرنے کے اہم منصوبے کی شروعات کی۔ PM Modi Releases Cheetahs in Kuno National Park
قبل ازیں مودی دہلی سے روانہ ہوئے اور صبح تقریباً 10 بجے خصوصی طیارے کے ذریعے گوالیار پہنچے، جہاں گورنر منگو بھائی پٹیل، وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان اور دیگر معززین نے ان کا استقبال کیا۔ اس کے بعد پی ایم مودی فوج کے خصوصی ہیلی کاپٹر سے کونو نیشنل پارک پہنچے۔ کونو نیشنل پارک کے علاقے میں مودی کے ہیلی کاپٹر کو اتارنے کے لیے ہیلی پیڈ تیار کیا گیا تھا۔
اس سے پہلے آٹھ چیتے کو کل نامیبیا سے خصوصی طیارے کے ذریعے لایا گیا تھا، جو صبح گوالیار ہوائی اڈے پر اترا۔ ہوائی اڈے پر، شہری ہوا بازی کے مرکزی وزیر جیوترادتیہ سندھیا نے خصوصی طیارے میں سوار خصوصی ٹیم کا استقبال کیا۔ سندھیا کی موجودگی میں، خصوصی پنجڑے طیارے سے اتار کر ہیلی کاپٹر میں رکھے گئے۔ ان پنجڑوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے کونو نیشنل پارک لے جایا گیا۔ مودی کے کونو پہنچنے سے پہلے ہی چیتے کونو نیشنل پارک پہنچ چکے تھے۔