وزیر اعظم نریندر مودی نے روسی صدر ولادیمیر پوتن سے فون پر تقریباً 45 منٹ تک بات کی۔ اس دوران دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔ وزیر اعظم نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ''میرے دوست صدر پوتن کے ساتھ افغانستان میں حالیہ پیش رفت پر تفصیلی اور مفید تبادلہ خیال کیا۔ ہم نے دو طرفہ ایجنڈے کے امور بشمول کووڈ 19 کے خلاف بھارت روس تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ہم نے اہم معاملات پر قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔''
روسی حکومت نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ ''بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور صدر پوتن نے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران افغانستان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اس ملک میں امن اور استحکام کے قیام کے لیے مربوط کوششوں کی اہمیت پر زور دیا، تاکہ پورے خطے میں سلامتی کو یقینی بنایا جاسکے۔''
روسی حکومت نے کہا کہ ''وزیر اعظم مودی اور صدر پوتن نے افغانستان کی سرزمین سے دہشت گرد نظریات اور منشیات کے خطرے کے پھیلاؤ کے خلاف تعاون بڑھانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ اس مسئلے پر مشاورت کے لیے ایک مستقل دو طرفہ چینل بنانے پر اتفاق کیا گیا۔''