وزیر اعظم نریندر مودی نے تھامس کپ بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیت کر تاریخ رقم کرنے والی بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور کہا کہ یہ کوئی چھوٹی کامیابی نہیں ہے۔ بنکاک میں باوقار ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کی تاریخی جیت کے بعد ٹیلی فون پر مبارکباد دینے کے چند دن بعد وزیر اعظم مودی نے ذاتی طور پر بیڈمنٹن ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ان سے بات چیت کی۔ اس دوران خواتین کی اوبر کپ ٹیم کی کھلاڑی بھی شامل تھیں۔ Modi interacts with Thomas Cup champions
مودی نے کہا، ملک کی طرف سے میں پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ یہ کوئی چھوٹی کامیابی نہیں ہے۔ آپ نے کر دکھایا۔ ایک دور تھا جب ہم ان ٹورنامنٹس میں اتنے پیچھے تھے کہ یہاں کسی کو پتہ نہیں چلتا تھا۔ وزیر اعظم نے چمپئن شٹلر (بیڈمنٹن کھلاڑی) سے ملاقات کے دوران تھامس کپ کی یاد تازہ کی، جہاں بھارت نے ٹائٹل کے دعویدار انڈونیشیا کو شکست دے کر طلائی تمغہ جیتا تھا۔ مودی نے کہا کہ بھارت دہائیوں کے بعد مقابلے میں اپنا جھنڈا لہرانے میں کامیاب ہوا ہے اور یہ کوئی چھوٹی کامیابی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں نے پہلے کبھی ان ٹورنامنٹس پر توجہ نہیں دی تھی لیکن تھامس کپ کی فتح کے بعد ہم وطنوں کی نظر ٹیم اور بیڈمنٹن کے کھیل پر پڑی۔ وزیراعظم نے کہا کہ 'ہاں، ہم یہ کر سکتے ہیں' کا رویہ آج ملک میں نئی قوت بن گیا ہے۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ حکومت کھلاڑیوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ وزیر اعظم نے سینئر کھلاڑی کدامبی سری کانت کی تعریف کی۔