نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو پردھان منتری راشٹریہ بال پرسکار (پی ایم آر بی پی) ایوارڈ یافتگان سے اپنی سرکاری رہائش گاہ 7 لوک کلیان مارگ نئی دہلی میں ملاقات کی اور ان بچوں کے ساتھ غیر رسمی ماحول میں بات چیت کے دوران ان کے ساتھ ذہنی صحت سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم نے تمام ایوارڈ یافتگان کو یادگاری نشان سے نوازا اور اُن کی حصولیابیوں پر ایک ایک کرکے گفتگو کی، جس کے بعد پورے گروپ کے ساتھ انہوں نے بات چیت کی۔انہوں نے غیر رسمی ماحول میں کھلے دل سے بات چیت کی۔بچوں نے ان سے اپنے سامنے آنے والے چیلنجوں کے تعلق سے مختلف سوالات کئےاور مختلف موضوعات پر اُن کی رہنمائی طلب کی۔
وزیر اعظم نے ایوارڈ یادفتگان کو مشورہ دیا کہ وہ زندگی میں آگے بڑھنے کے لئے چھوٹی چھوٹی پریشانیوں کو حل کرکے اپنی شروعات کریں، رفتہ رفتہ صلاحیت کی تعمیر کریں، اہلیت بڑھائیں اور بڑی پریشانیوں کو حل کرنے کے لئے اپنے اندر خود اعتمادی پیدا کریں۔دماغی صحت اور بچوں کے سامنے پیش آنے والے مسائل کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اِن مسائل کو دور کرنے اور ایسے مسائل سے نمٹنے کے لئے خاندان کے اہم رول کے بارے میں گفتگو کی۔بات چیت کے دوران وزیر اعظم کے ذریعے کئی دیگر موضوعات پر بھی گفتگو کی گئی، جن میں شطرنج کھیلنے کے فوائد، فن اور ثقافت کو کیریئر کے طورپر لینا، تحقیق واختراعات ، روحانیت وغیرہ شامل ہیں۔