ابوظہبی:وزیر اعظم نریندر مودی فرانس کا اپنا دو روزہ دورہ کامیابی سے مکمل کرنے کے بعد آج متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے لیے روانہ ہوگئے ہیں جہاں وہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کریں گے۔ دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لئے وزیر اعظم کا یو اے ای کا یہ پانچواں دورہ ہے۔ وزیر اعظم یو اے ای کا اپنا پانچواں دورہ ایسے وقت میں کررہے ہیں جب ہند-متحدہ عرب امارات تعلقات بامِ عروج پر ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان ایک جامع کلیدی شراکت داری ہے، جو تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، سکیورٹی اور عوام سے عوام کے رابطے سمیت وسیع شعبوں کا احاطہ کرتی ہے۔ دونوں ملکوں کا 2030 تک دوطرفہ تجارت کو 100 ارب ڈالر تک لے جانے کا نشانہ ہے۔
وزیر اعظم مودی متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون میں مزید گہرائی پیدا کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ دورے کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان کئی اہم سمجھوتوں اور مفاہمت ناموں پر دستخط کئے جانے کی بھی توقع ہے، جن سے تجارت اور سرمایہ کاری مزید مستحکم ہوگی۔ پی ایم مودی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اس سال کے آخر میں یو این ایف سی سی سی (UNFCCC) کی 28ویں کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا، 'میں عالمی تعاون کو مضبوط بنانے پر خیالات کے تبادلے کا بھی منتظر ہوں۔'