ممبئی: وزیر اعظم نریندر مودی 12 جنوری 2024 کو مہاراشٹر کے دورے پر ہیں۔ یہاں پہلے انہوں نے ایک روڈ شو میں شرکت کی۔ مہاراشٹر کے سی ایم ایکناتھ شندے، نائب وزیر اعلی دیویندر فڑنویس، نائب وزیر اعلی اجیت پوار نے بھی ان کے ساتھ روڈ شو میں شرکت کی۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پی ایم مودی نے ممبئی میں ملک کے سب سے طویل پل اٹل سیتو کا افتتاح کیا ہے۔ اس موقع پر ریاست کے وزیر اعلی ایکناتھ شندے اور دونوں نائب وزیر اعلی دیویندر فڑنویس اور اجیت پوار موجود تھے۔
غور طلب ہو کہ وزیر اعظم نریندر مودی جمعہ کو ناسک، مہاراشٹرا میں 27ویں قومی یوتھ فیسٹیول کا افتتاح کیا اور پھر ریاست میں 30,500 کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی پروجیکٹوں کو لانچ کیا۔ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا کہ شہری ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے اور رابطے کو مضبوط بنا کر لوگوں کی نقل و حرکت میں آسانی کو فروغ دینے کے اپنے وژن کے مطابق، مودی ممبئی ٹرانس ہاربر لنک (ایم ٹی ایچ ایل) کا افتتاح کیا ہے، جسے اب 'اٹل بہاری واجپائی سیوری' کے نام سے جانا جاتا ہے۔ جسے 'نہوا شیوا اٹل سیتو' کا نام دیا گیا ہے۔ اس کی تعمیر 17,840 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے کی گئی ہے۔
واضح ہو کہ پی ایم مودی نے دسمبر 2016 میں اس پل کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ یہ بھارت کا سب سے لمبا سمندری پل بھی ہے۔ یہ چھ لین والا پل تقریباً 21.8 کلومیٹر طویل ہے، جس کی لمبائی سمندر پر تقریباً 16.5 کلومیٹر اور زمین پر تقریباً 5.5 کلومیٹر ہے۔ یہ ممبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے اور نوی ممبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے کو براہ راست رابطہ فراہم کرے گا اور ممبئی سے پونے، گوا اور جنوبی بھارت کے سفر کے وقت کو بھی کم کرے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سے ممبئی پورٹ اور جواہر لال نہرو پورٹ کے درمیان رابطے میں بھی بہتری آئے گی۔