نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو کہا کہ ترکی اور شام کے زلزلہ زدہ علاقوں میں تلاش، بچاؤ اور راحت کے کاموں کے لیے 'آپریشن دوست' کے تحت کام کرنے والی پوری بھارتی ٹیم نے بہترین کام کیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بھارتی ٹیم کے ترکی پہنچنے میں تیزی نے پوری دنیا کی توجہ مبذول کرائی ہے۔ اس مہم میں حصہ لینے کے بعد گھر لوٹنے والے راحت اور بچاؤ ٹیم کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ ملک کو آپ سب پر فخر ہے۔
مودی نے کہا 'آپریشن دوست سے وابستہ پوری ٹیم، چاہے وہ نیشنل ڈیزاسٹر ریلیف فورس (این ڈی آر ایف) ہو، فوج، فضائیہ یا ہمارے دیگر خدمات کے شراکت دار، سبھی نے بہترین کام کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیم کے ساتھ آنے والے 'ہمارے بے زباں دوست، ڈاگ سکواڈ ممبران' نے بھی کمالکی صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے۔ مودی نے کہا کہ ہماری ثقافت نے ہمیں وسودھیو کٹمبکم سکھایا ہے۔ ترکی ہو یا شام، ہماری پوری ٹیم نے ان ہندوستانی اقدار کا مظاہرہ کیا ہے۔ ہم دنیا کو ایک خاندان سمجھتے ہیں۔