وارانسی: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو اپنے پارلیمانی حلقہ وارانسی میں 1780 کروڑ روپے کے 28 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ سمپورنانند سنسکرت یونیورسٹی گراؤنڈ میں وزیر اعظم مودی نے بٹن دبا کر پروجیکٹوں کی سوغات دی اور مستحقین میں چیک تقسیم کئے۔ اس موقع پر گورنر آنندی بین پٹیل اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے ساتھ کئی مرکزی وزراء اور ریاستی وزراء اور ایم ایل اے موجود تھے۔ وزیر اعظم مودی نے وارانسی کینٹ اسٹیشن سے گوڈولیا تک مسافر روپ وے کا افتتاح کیا۔ اس پروجیکٹ کی لاگت کا تخمینہ تقریباً 645 کروڑ روپے ہے۔ یہ روپ وے سسٹم 3.75 کلومیٹر طویل ہوگا جس میں پانچ اسٹیشن ہوں گے۔ اس سے سیاحوں، تیرتھ یاتریوں اور وارانسی کے باشندوں کی نقل و حرکت میں آسانی ہوگی۔
پردھان منتری نمامی گنگے یوجنا کے تحت بھگوان پور میں 55 ایم ایل ڈی صلاحیت کے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی سنگ بنیاد رکھی گئی۔اس پلانٹ کو 300 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔ پردھان منتری کھیلو انڈیا یوجنا کے تحت سگرا اسٹیڈیم کی دوبارہ تعمیر نو کے دوسرے اور تیسرے مرحلے کا سنگ بنیاد رکھی گئی۔ وزیر اعظم مودی سیواپوری کے آئی ایس راور گاؤں میں ہندوستان پیٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ کے ذریعے تعمیر کیے جانے والے ایل پی جی بوٹلنگ پلانٹ کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے۔