نئی دہلی: سپریم کورٹ نے وزیر اعظم نریندر مودی کی تعلیمی ڈگری پر مبینہ تبصرہ پر راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سنجے سنگھ کے خلاف گجرات کی ایک عدالت میں زیر التواء مجرمانہ ہتک عزت کی کاروائی پر آج روک لگا دی۔ حکم امتناعی منظور کرتے ہوئے، جسٹس بی آر گوائی اور سندیپ مہتہ کی بنچ نے کہا کہ "جب تک ہائی کورٹ عبوری راحت دینے یا انکار کرنے سے متعلق فیصلہ نہیں لیتی، نچلی عدالت میں کاروائی پر روک رہے گی۔"
بنچ نے ہائی کورٹ سے کہا کہ وہ چار ہفتوں کے اندر اسٹے یا کم از کم عبوری راحت کی اپیل پر سماعت کرے۔ تاہم بنچ نے مقدمے کی سماعت گجرات سے باہر منتقل کرنے کی عام آدمی پارٹی لیڈر کی درخواست کو مسترد کر دیا۔
سنجے سنگھ کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل اے ایم سنگھوی نے بنچ کے سامنے دلیل دی کہ ان کا مقصد ان کے موکل کو مجرم قرار دینا اور انہیں نااہل قرار دینا تھا، جب کہ ان کی اپیل ہائی کورٹ میں زیر التواء ہے۔ انہوں نے سنگھ کے پوری طرح بے قصور ہونے کا دعوی کرتے ہوئے کہا کہ معاملے میں شکایت کنندہ گجرات یونیورسٹی کے خلاف انہوں نے ایک لفظ بھی نہیں کہا۔