ماؤنٹ آبو: وزیر اعظم نریندر مودی نے راجستھان کی کانگریس حکومت پر ریاست میں امن و امان کو تباہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں تیج کا تہوار بھی اندیشوں کے درمیان منایا جا رہا ہے، جب کہ جے پور بم دھماکوں میں کمزور پیروی کرکے ملزموں کے بارے میں نرم رخ اختیار کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم مودی آج سروہی ضلع کے ابو روڈ پر ایک پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ راجستھان کو بھی سیاسی جنگ کا خمیازہ بھگتنا پڑ رہا ہے اور پچھلے پانچ برسوں میں راجستھان سیاسی لڑائی کی بدصورت شکل دیکھ رہا ہے۔ مفاد عامہ کی بجائے یہاں لوٹ مار اور کرسی بچانے کا کھیل جاری ہے۔ یہ کیسی حکومت ہے جہاں چیف منسٹر کو اپنے ہی ایم ایل اے پر بھروسہ نہیں ہے، یہ کیسی حکومت ہے جہاں ایم ایل اے کو اپنے ہی چیف منسٹر پر بھروسہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے اندر ہر کوئی ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کا مقابلہ کر رہا ہے۔ ایسے میں راجستھان میں ترقی کی پرواہ کون کرے۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ کانگریس کے دور حکومت میں راجستھان میں لاء اینڈ آرڈر پوری طرح تباہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجستھان میں سنگین جرائم بہت کم ہوتے تھے جہاں اب مجرم آزاد گھوم رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت اپنے ووٹ بینک کی وجہ سے کچھ لوگوں کو خوش کرنے کی کارروائی کرنے سے خوفزدہ ہے۔ کانگریس حکومت کے رویہ کی سب سے بڑی قیمت خواتین کو ادا کرنی پڑ رہی ہے اور خواتین کے خلاف جرائم اپنے عروج پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تیج کا تہوار بھی شکوک و شبہات کے درمیان بھی منایا جا رہا ہے۔