جوہانسبرگ: وزیر اعظم نریندر مودی 15ویں برکس سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے جنوبی افریقہ میں ہیں۔ وہ وہیں پر ملک کے تیسرے قمری مشن - چندریان -3 کی چاند پر لینڈنگ کے تاریخی لمحات مشاہدہ کریں گے۔ انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کے مطابق چندریان 3 چاند کے جنوبی قطب پر اتر کر تاریخ رقم کرنے کے لیے تیار ہے۔ چندریان 3 کے سافٹ لینڈنگ کی یہ کوشش بھارتی وقت کے مطابق 18:04 بجے کی جائے گی۔ بدھ کو چاند پر اترنے کی کوشش سے قبل ملک کیلئے دنیا بھر سے نیک خواہشات پیش کی جا رہی ہیں۔ اکسبرج، لندن میں بھارتی طلبہ اور ریسرچ اسکالرز نے چندریان -3 کی چاند پر کامیاب لینڈنگ کے لیے ایک مندر میں خصوصی پوجا کا اہتمام کیا۔
دریں اثنا، چندریان 3 کی چاند پر کامیاب لینڈنگ کے لیے، بھارتی تارکین وطن نے امریکہ کے ورجینیا میں واقع ایک مندر میں ہوون کیا۔ جہاں اسرو کی چاند پر اترنے کی کوشش کے لیے دنیا بھر میں امیدیں بڑھ رہی ہیں، وہیں اس تاریخی لمحے سے قبل ملک بھر میں دعائیں اور پوجا پاٹ کی جا رہی ہیں۔ بھارت کے تیسرے قمری مشن کے پیک پوائنٹ سے پہلے رشیکیش کے پرمارتھ نکیتن گھاٹ پر گنگا آرتی کی گئی۔