نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ قابل تجدید توانائی کے شعبے میں بھارت کی ترقی پوری دنیا میں بحث کا موضوع ہے اور ہر بھارتی شمسی توانائی کی اہمیت کو سمجھ رہا ہے۔ مودی نے اتوار کے روز آکاشوانی پر اپنے ماہانہ پروگرام من کی بات کے 99ویں ایڈیشن میں ملک سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا صاف ستھری توانائی، قابل تجدید توانائی کی بات کر رہی ہے۔ پوری دنیا کے لوگ یقینی طور پر اس شعبے میں بھارت کی غیر معمولی کامیابی کے بارے میں بات کرتے ہیں۔ بھارت نے شمسی توانائی کے شعبے میں ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے لوگوں کا سورج کے ساتھ صدیوں سے ایک خاص رشتہ رہا ہے۔ سورج کی طاقت کے بارے میں ہمارے پاس جو سائنسی سمجھ رہی ہے، سورج کی پوجا کی جو روایت رہی ہے، وہ دوسری جگہوں پر کم ہی نظر آتی ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ آج ہر ملک کا شہری شمسی توانائی کی اہمیت کو سمجھ رہا ہے اور صاف ستھری توانائی میں اپنا تعاون دینا چاہتا ہے۔