نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی کا آج 73 واں یوم پیدائش ہے۔ اس موقعے پر بی جے پی کی جانب سے آج ملک بھر میں کئی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ پارٹی کی جانب سے آج کئی پروگرام شروع کیے جائیں گے، جس میں پی ایم مودی کے شرکت کرنے کی اطلاع ہے۔ ساتھ ہی وزیر اعظم آج کئی ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح بھی کریں گے۔ پارٹی کی جانب سے سیوا پکھواڑا شروع کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق، پی ایم مودی آج اپنی سالگرہ کے موقعے پر یشوبھومی کنونشن سینٹر کا افتتاح کریں گے۔ ساتھ ہی پی ایم مودی وشوکرما یوجنا بھی شروع کریں گے اور دہلی ایئرپورٹ میٹرو لائن ایکسٹینشن کے افتتاح کرنے کا بھی پروگرام ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق، وزیر اعظم نریندر مودی 17 ستمبر کو دوارکا میں انڈیا انٹرنیشنل کنونشن اینڈ ایکسپو سینٹر (آئی آئی سی سی) کے پہلے مرحلے کے حصے کے طور پر تیار کردہ، ایک نمائشی کانفرنس سینٹر کا بھی افتتاح کریں گے۔
منصوبے کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔ پروجیکٹ کا پہلا مرحلہ پانچ ہزار چار سو کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے بنایا گیا ہے۔ آئی آئی سی سی کو تجارت اور صنعت کو راغب کرنے اور فروغ دینے کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔ اس میں میٹنگز، ترغیبات، کانفرنسوں اور نمائشوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے ایک جدید مرکز بنایا جائے گا۔ یہ منصوبہ دو مرحلوں میں تیار کیا جا رہا ہے۔
آج وشوکرما پوجا بھی ہے۔ اس موقعے پر حکومت ملک بھر میں وشوکرما یوجنا شروع کرے گی۔ اس اسکیم کے تحت کارکنوں کو پندرہ ہزار روپے کی ٹول کٹ دی جائے گی۔ اس قرض کی ادائیگی کے بعد دوبارہ دو لاکھ روپے کا قرض دیا جائے گا۔ مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈاویہ آج آیوشمان بھوا مہم کا آغاز کریں گے۔ یہ مہم دو اکتوبر تک جاری رہے گی۔