پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے جنرل سکریٹری انیس احمد نے تنظیم کے رکن فیروز اور ارشد کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ' اترپردیش ایس ٹی ایف دہشت گردانہ حملے کے فرضی مقدمے میں انہیں پھنسانے کی کوشش کررہی ہے۔ ارشد اور فیروز دونوں ہی کیرلہ کے باشندے ہیں اور یہ دونوں تنظیم کے کام کے سلسلے میں مغربی بنگال اور بہار کے دورے پر گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ' یہ دونوں 11 فروری کی صبح 5:30 بجے بہار کے کٹیہار سے ممبئی کے لیے ٹرین سے روانہ ہوئے تھے۔ دونوں کے اہل خانے کے مطابق دونوں نے 11 فروری کی شام کو اپنے اہل خانہ سے آخری بار بات کی تھی۔ تب سے ان سے رابطہ منقطع ہے۔ ان کے اہل خانہ نے رابطہ منقطع ہونے کے بعد 16 فروری کی صبح کو کیرلہ کے ایک مقامی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی تھی۔'
انیس احمد نے کہا کہ' اترپردیش پولیس ایک فرضی کہانی گھڑ رہی ہے، تاکہ وہ اپنے ناجائز مقاصد کو جائز ٹھہرا سکے۔'
اترپریش پولیس کے ذریعہ 11 فروری کو ارشد اور فیروز کی گرفتاری کی گئی تھی، لیکن 16 فروری کو انہیں میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا، جو اترپردیش حکومت کی فرضی کہانی کی جانب اشارہ کر رہی ہے کہ حکومت قومی سلامتی کا بہانہ بنا کر اپنی منشا پوری کرنے کی کوشش کر رہی ہے'۔