روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کی وجہ سے عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ کے ساتھ ہی ملک میں تیل کی مارکیٹنگ کرنے والی کمپنیوں نے 137 دنوں کے استحکام کے بعد پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کرنا شروع کر دیا ہے۔ قومی دارالحکومت دہلی میں آج دونوں ایندھن کی قیمتوں میں پھر 80-80 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا۔ کمپنیوں نے منگل کو بھی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا۔
اس اضافے کے بعد دارالحکومت میں پٹرول 80 پیسے بڑھ کر 97.01 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 80 پیسے کے اضافے کے ساتھ 88.27 روپے فی لیٹر پر پہنچ گیا ہے۔ممبئی میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 85 پیسے بڑھ کر بالترتیب 111.67 روپے اور 95.85 روپے فی لیٹر ہو گئیں۔ یوکرین پر روس کے حملے کی وجہ سے عالمی سطح پر تیل اور قدرتی گیس کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشے پر تیل اور قدرتی گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ بین الاقوامی سطح پر اس کی وجہ سے خام تیل کی قیمتیں 13 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں ہیں۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں آج منگل کے مقابلے میں اعداد و شمار میں اضافہ ہوا ہے۔ لندن برینٹ کروڈ 1.55 فیصد اضافے کے ساتھ 117.27 ڈالر فی بیرل اور یو ایس کروڈ 1.39 فیصد اضافے کے ساتھ 110.79 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا تھا۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا روزانہ جائزہ لیا جاتا ہے اور اسی کی بنیاد پر نئی قیمتیں روزانہ صبح 6 بجے سے لاگو ہوتی ہیں۔