نئی دہلی: ملک میں 2002 کے گجرات فسادات پر بی بی سی کی دستاویزی فلم پر پابندی لگانے کے مرکز کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں مفاد عامہ کی عرضی دائر کی گئی ہے۔ ایڈوکیٹ منوہر لال شرما کی طرف سے دائر کردہ پی آئی ایل میں سپریم کورٹ پر زور دیا گیا ہے کہ وہ بی بی سی کی دستاویزی فلم کے دونوں حصوں کو طلب کرکے جانچ کرے اور ان لوگوں کے خلاف بھی کارروائی کرے جنہوں نے 2002 کے گجرات فسادات میں براہ راست یا بالواسطہ تعاون کیا تھا۔
ایڈوکیٹ منوہر لال شرما نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی PIL میں ایک آئینی سوال اٹھایا ہے اور عدالت عظمیٰ کو یہ فیصلہ کرنا ہے کہ شہریوں کو آرٹیکل 19(1)(2) کے تحت 2002 کے گجرات فسادات پر خبریں، حقائق اور رپورٹیں دیکھنے کا حق ہے یا نہیں۔ انہوں نے 21 جنوری 2023 کو وزارت اطلاعات و نشریات کے حکم نامے کو غیر قانونی، بدنیتی پر مبنی، من مانی اور غیر آئینی قرار دیتے ہوئے اسے منسوخ کرنے کی ہدایت کا مطالبہ کیا ہے۔