اونا: کانگریس کی لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا نے کنگر گاؤں میں پارٹی امیدوار مکیش اگنی ہوتری کے حق میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ریاست میں تبدیلی کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اگر لوگوں نے بی جے پی کو دوبارہ اقتدار میں لانے کی غلطی کی تو انہیں بعد میں پچھتانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ صرف کانگریس ہی عوام کے مفاد کے لیے کام کر رہی ہے اور پہلے کی طرح کرتی رہے گی۔ Priyanka Gandhi on Himachal Pradesh Election
انہوں نے کہا کہ جب ہم دولہے کو دیکھنے جاتے ہیں تو سب سے پہلے اس کی نیت دیکھتے ہیں۔ اسی طرح، ہمیں بی جے پی کی نیت کو جانچنے کے بعد ووٹ دینا ہے۔ اس بار کسی کے مشورے پر ووٹ نہ دیں بلکہ صحیح شخص کو چن کر ووٹ دیں۔ سولن میں وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان پر طنز کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ بی جے پی ووٹ حاصل کرنے کے لیے ہماچل کو ایک بار پھر 'بیمار ریاست' کہہ رہی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ سب ووٹ حاصل کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ بی جے پی کا ایک ہی اصول ہے کہ وہ کسی بھی قیمت پر اقتدار میں رہے اور وہ اقتدار میں رہتے ہوئے غریبوں اور ناداروں کو بھول کر بڑے صنعتکاروں کی پرورش کرتی ہے۔