اننت ناگ: جموں و کشمیر کے اننت ناگ گورمنٹ میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر طارق قریشی نے ای ٹی وی بھارت سے خاص بات چیت کے دوران کہا کہ 'وادی میں سردی کی لہر میں اضافے کی وجہ سے وائرل انفیکشن بیماریوں کے پھیلنے کا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا اس دوران لوگ کھانے کے ساتھ ساتھ گرمی کا پورا انتظام رکھیں تاکہ ہر طرح کی بیماری سے محفوظ رہا جا سکے۔ Anantnag Government Medical College
وادی کشمیر کے دیگر اضلاع کی طرح جنوبی ضلع اننت ناگ میں بھی خشک سردی کی لہر مسلسل جاری ہے جس کے سبب درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ خاص کر شبانہ منفی درجہ حرارت سے لوگوں کو پریشانی ہو رہی ہے۔ خشک سردی کی وجہ سے جہاں عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے وہیں عام لوگ خاص طور پر بچے اور ضعیف افراد نزلہ، زکام،کھانسی اور بخار کی بیماری میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ دواخانوں اور ہسپتالوں میں مریضوں کے ہجوم نظر آرہے ہیں۔ وہیں دمہ، امراض قلب اور بلڈ پریشر کے مریضوں کو یخ بستہ سردیوں کے ایام کے دوران مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔