بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے پیگاسس کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کانگریس رہنما راہل گاندھی کے بیان کے تعلق سے کانگریس پر گمراہ کن سیاست پھیلانے کا الزام عائد کیا۔
بی جے پی کے قومی ترجمان ڈاکٹر سنبت پاترا نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں راہل گاندھی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 'بھرم اور راہل گاندھی کا گہرہ رشتہ ہے۔ جھوٹ بولنا، گمراہی پھیلانا راہل گاندھی کی عادت رہی ہے۔ ان کے پاس کچھ نیا نہیں ہوتا۔ ایک ہی بات اور الفاظ کو بار بار دہرانا ان کی فطرت رہی ہے'۔
ڈاکٹر پاترا نے کہا کہ آج سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کے بارے میں راہل گاندھی نے پھر وہی الفاظ دہرائے جو وہ ہمیشہ دہراتے آئے ہیں۔ پیگاسس معاملے پر نہ تو راہل گاندھی اور نہ ہی کانگریس پارٹی عدالت میں گئی۔