سری نگر: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی کاوشوں سے دفعہ 370 کی تنسیخ کے بعد وادی کشمیر میں امن بحال ہوا ہے۔ انہوں نے یہ باتیں بدھ کے روز شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک شاردا دیوی مندر کی ای افتتاح کرنے کے بعد ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اپنے خطاب کے دوران کیں۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بدھ کے روز بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ جموں و کشمیر کے کپواڑہ میں ماں شاردا دیوی مندر کا افتتاح کیا۔ اس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر جموں وکشمیر منوج سنہا سمیت کئی معززین موجود تھے۔
مرکزی وزیر امت شاہ نے اپنے خطاب کا آغاز ہم وطنوں کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج نئے سال کے موقع پر ماں شاردا کے نئے تعمیر شدہ مندر کو عقیدت مندوں کے لئے کھول دیا گیا ہے اور یہ پورے بھارت سے آنے والے عقیدت مندوں کے لئے ایک مبارک علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ماں شاردا کے مندر کا اِفتتاح ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ مرکزی وزیرامورداخلہ نے کہا کہ اس مندر کی تعمیر اور فن تعمیر شاردا پیٹھ کی سر پرستی میں اساطیری مقدس صحیفوں کے مطابق کی گئی ہے۔ سرنگیری مٹھ کی طرف سے عطیہ کردہ شاردا ماں کی مورتی اور یہاں اس کی تنصیب، 24 جنوری سے آج تک کا عرصہ ایک سفر جیسا تھا۔ کپواڑہ میں ماں شاردا کے مندر کی تعمیر نو شاردا تہذیب کی دریافت اور شاردا رسم الخط کے فروغ کی سمت میں ایک ضروری اور اہم قدم ہے۔
امت شاہ نے کہا کہ ایک زمانے میں شاردا پیٹھ کو بھارتی بر صغیر میں علم کا مرکز سمجھا جاتا تھا۔ ملک بھر سے دانشور یہاں مقدس صحیفوں اور روحانی علوم کی تلاش میں آتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شاردا رسم الخط ہمارے کشمیر کا اصل رسم الخط ہے جس کا نام ماں شاردا کے نام پر رکھا گیا ہے۔ یہ مہا شکتی پیٹھوں میں سے ایک ہے اور مذہبی عقائد کے مطابق یہاں ماں ستی کا دایاں ہاتھ گرا تھا۔ مرکزی وزیرامورِ داخلہ اورکوآپریشن نے کہا کہ شاردا پیٹھ کرتار پور راہداری کی طرح بھارت کے ثقافتی، مذہبی اور تعلیمی ورثے کا ایک تاریخی مرکز رہا ہے۔