اردو زبان کے خوبصورت الفاظ اور مختصر لفظوں میں اپنے جذبات واحساسات کی دلفریب ترجمانی کی حقیقت سے بھلا کون انکار کرسکتا ہے۔اردو ہندوستانی زبان ہے غیر اردو داں حضرات بھی روزانہ نہ جانے کتنے اردو الفاظ کا استعمال کرتے ہیں۔کیونکہ الفاظ کی خوبصورتی اور جملہ کی بناوٹ کے لحاظ سے یہ دیگر زبانوں میں نمایاں مقام رکھتی ہے۔ یہ کسی مذہب یاکسی فرقہ کی زبان نہیں بلکہ خالص ہندوستانی زبان ہے ۔جو لوگ اسے کسی خاص طبقہ سے جوڑ کر دیکھتے ہیں وہ لاعلمی کا شکار ہیں۔مذکورہ باتیں بہار کی نائب وزیر اعلی رینو دیوی نے کہیں۔
در اصل ریاست بہار کے دارلحکومت پٹنہ کے اردو اکادمی کے کانفرنس ہال میں حلقہ ادب بہار و خواجہ غریب نواز ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے مشترکہ طوپر منعقد پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے بہار کی نائب وزیر اعلیٰ رینو دیوی نے کہا کہ ریاستی حکومت اردو کے فروغ کے لئے ہر سطح پر سنجیدہ ہے۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی اردو دوستی کسی سے مخفی نہیں ہے
انہوں نے مزیدکہا کہ وزیر اعلی نتیش کمار اردو زبان و ادب کو فروغ دینے کے لئے متعدد منصوبے بنا رہے ہیں۔
بہار اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر مہیشور ہزاری نے کہا کہ یہ قابل تعریف عمل ہے کہ مختلف میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو آج اعزاز سے نوازا گیا ہے.
حلقہ ادب بہار کے صدر و سینئر صحافی ایس ایم اشرف فرید نے کہا کہ حلقہ ادب بہار اپنے محسنوں اور نوجوانوں کو حوصلہ افزائی کرنے میں کبھی پیچھے نہیں رہی ہے۔