ریاست جھارکھنڈ کے ضلع پلامو کا صدر اسپتال اب میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل بن گیا ہے، پرانے اسپتال سے اب میڈیکل کالج اور اسپتال تو بن گیا ہے لیکن سہولیات میں کوئی بھی تبدیلی نہیں آئی ہے۔
اسپتال میں اسٹریچر کی قلت، اسکوٹی کے ذریعہ مریض کو ایمبولنس تک لے جایا گیا - پلامو میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل
کورونا وائرس کی دوسری لہر نے ملک کے صحت کے نظام کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے، پلامو میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل میں اسٹریچر کی قلت کی وجہ سے ایک مریض کو آئی سی یو کے وارڈ سے ایمبولنس تک لے جانے کے لیے اسکوٹی کا سہارا لینا پڑا۔
کورونا وائرس کی دوسری لہر نے ضلع میں صحت کے نظام کی قلعی کھول دی ہے، میڈیکل کالج میں کس طرح کا طبی انتظام ہے اس کی ایک مثال پیر کی شام اس وقت دیکھی گئی جب مریض کو اسپتال سے بہتر علاج کے لیے لواحقین اسے کسی اور جگہ لے جانا چاہتے تھے تو اسپتال کے وارڈ سے باہر ایمبولینس تک مریض کو لے جانے کے لیے اسٹریچر تک نہیں دستیاب کیا گیا۔ جس سے ناراض رشتہ دار نے مریض کو ایمبولینس تک پہنچانے کے لیے اسکوٹی کو ہی اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں لے کر چلا گیا۔
تفصیلات کے مطابق میدینی نگر کے رامپرساد نامی شخص کو پچھلے کچھ دنوں سے میڈیکل کالج اور اسپتال کے آئی سی یو میں داخل کرایا گیا تھا اور پیر کے روز ان کا کووڈ ٹیسٹ ہونا تھا لیکن پورے دن انتظار کرنے کے بعد بھی ٹیسٹ نہیں ہوسکا۔
اہل خانہ بہتر علاج اور جانچ نہ ہونے کی وجہ سے مریض کو اسپتال سے لے جانا چاہتے تھے، کافی دیر انتظار کرنے کے بعد بھی اسے ایمبولینس اور اسٹریچر نہیں مل سکا جس کے بعد مریض کے اہل خانہ نے اسکوٹی کو آئی سی یو میں داخل کرکے مریض کو اس پر بیٹھا کر لے جانے پر مجبور ہوگئے۔