نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعرات کو تری پورہ میونسپل انتخابات (Tripura Municipal Elections) کے لئے تمام پولنگ اور گنتی مراکز پر مناسب تعداد میں مرکزی نیم فوجی دستوں کی تعیناتی کا حکم دیا گیا ہے۔ ریاست میں آج بلدیاتی انتخابات ہو رہے ہیں۔ اس کے لیے 770 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔ ووٹوں کی گنتی 28 نومبر کو ہوگی۔
اس سلسلے میں جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ، جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس وکرم ناتھ نے ریاست میں امن و امان کی خراب صورتحال کا الزام لگانے والی ایک عرضی کی سماعت کرتے ہوئے ریاست کے داخلہ سکریٹری، ڈائریکٹر جنرل آف پولیس اور ریاستی الیکشن کمیشن کو آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کرانے کے حوالہ سے مناسب مرکزی فورسز کی تعیناتی کو یقینی بنانے کا حکم دیا۔
سپریم کورٹ (Supreme Court) نے تری پورہ حکومت سے کہا کہ وہ فوری طور پر جائزہ لے اور مرکزی وزارت داخلہ کے متعلقہ حکام سے رجوع کرے تاکہ مناسب حفاظتی انتظامات کیے جا سکیں۔ بنچ نے مرکزی حکومت کو حکم دیا کہ وہ آج ہونے والے انتخابات کے لیے بغیر کسی تاخیر کے اضافی مرکزی سیکورٹی دستے فراہم کرے۔
مرکزی حکومت کی جانب سے سالیسٹر جنرل تشار مہتا پیش ہوئے اور انہوں نے بنچ کو یقین دلایا کہ مناسب تعداد میں سیکورٹی فورسز دستیاب کرائی جائیں گی۔
سپریم کورٹ نے تمام 770 پولنگ اسٹیشنوں پر مرکزی نیم فوجی دستوں کی تعیناتی کا حکم دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس نے پولنگ اور گنتی کے افسران اور انتخابات سے وابستہ دیگر اہلکاروں کو ہدایت کی کہ اگر ضرورت ہو تو فوری طور پر اضافی سیکورٹی کا مطالبہ کریں۔