اترپردیش کانگریس سوشل میڈیا کی نائب صدر پنکھوڑی پاٹھک نے نوئیڈا میں ڈینگی کے بڑھتے ہوئے کیسز سے نبرد آزما ہونے کے لیے نوئیڈا کے سیکٹر 70 سے 'ڈینگی فری نوئیڈا' مہم شروع کی۔ پنکھوڑی پاٹھک نے پرچم دکھاکر فوگنگ گاڑیوں کو روانہ کیا۔
کانگریس نے ڈینگی فری نوئیڈا مہم کی شروعات کی اس موقع پر پنکھوڑی پاٹھک نے کہا کہ نوئیڈا میں ڈینگی کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور گزشتہ 10 سالوں کے مقابلے رواں برس سب سے زیادہ کیسز درج کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف حکومت ڈینگی کے اعداد و شمار چھپارہی ہے اور دوسری طرف ڈینگی کو روکنے کے لیے کوئی موثر کوشش نہیں کررہی، جس کی وجہ سے نوئیڈا میں بہت سے لوگ ڈینگی کی لپیٹ میں آچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نوئیڈا کے باشندوں کی حفاظت کے لیے یہ مہم چلارہی ہے۔ کانگریس رہنما انل یادو نے بتایا کہ یہ مہم سب سے پہلے پشتہ پار کالونی علاقے میں چلائی جائے گی کیونکہ وہاں پانی جمع ہونے کا بڑا مسئلہ ہے اور اس علاقے کو اس حکومت نے مکمل طور پر نظر انداز کردیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ان کالونیوں میں رہنے والے لوگ بھی اسی ملک اور شہر کے باشندے ہیں، اس کے باوجود یہ حکومت ان کے ساتھ امتیازی سلوک کررہی ہے اور ڈینگی کے اس مشکل وقت میں انہیں تنہا چھوڑ دیا گیا ہے۔ اسی لیے ہم پشتہ پار علاقہ سے مہم کا آغاز کررہے ہیں۔
مزید پڑھیں:میرٹھ: ڈینگو کی روک تھام کے لیے انتظامیہ متحرک
میٹرو پولیٹن صدر رام کمار تنور نے کہا کہ ایک بار پھر یوگی حکومت عوامی حفاظت اور صحت کے معاملے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ ایسے میں کانگریس پارٹی آگے آرہی ہے اور ریاست کے لوگوں کی خدمت کررہی ہے۔