پاکستان نے اتوار کو ایک ڈوزیئر جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ دستاویز میں بھارتی حکام کی جانب سے کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کی تفصیلات موجود ہیں۔
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف اور وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری کے ہمراہ اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس میں 131 صفحات پر مشتمل دستاویز کا اجرا کیا۔
انہوں نے کہا کہ 'ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہمیں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویٰ کرنے والی اس (بھارت) حکومت کے اصل چہرے کو بے نقاب کرنا چاہیے۔'
قریشی نے کہا کہ ڈوزیئر 113 حوالوں پر مبنی ہے جن میں 26 بین الاقوامی میڈیا کے، 41 بھارتی تھنک ٹینک کے اور صرف 14 پاکستان کے ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے کہا کہ وہ مبینہ جنگی جرائم میں ملوث افراد اور اکائیوں کے نام درج کریں اور ان پر پابندیاں لگائیں۔