اسلام آباد: پاکستان نے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے اس بیان کی مذمت کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بھارت اپنی خودمختاری، اتحاد اور سالمیت کے تحفظ برقرار رکھنے کے لیے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کو عبور کرنے کے لیے تیار ہے۔ پاکستان نے کہا کہ جنگ پر اکسانے والی بیان بازی علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے۔ دراصل 24ویں کرگل وجے دیوس کے موقع پر بدھ کو لداخ کے دراس میں کرگل وار میموریل میں اپنے خطاب میں راجناتھ سنگھ نے کہا تھا کہ ملک کی خودمختاری، اتحاد اور سالمیت کے تحفظ میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ہم ملک کی عزت اور وقار کو برقرار رکھنے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں، اگر ہمیں ایل او سی کو عبور کرنا پڑا تو ہم ایسا کرنے کے لیے بھی تیار ہیں اور اگر ہمیں اشتعال دلایا گیا اور ضرورت پڑی تو ہم ایل او سی کو عبور کر لیں گے۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ کرگل کی جنگ بھارت پر مسلط کی گئی تھی وہ بھی ایسے وقت میں جب بھارت پاکستان کے ساتھ معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کر رہا تھا… پاکستان نے ہماری پیٹھ میں چھرا گھونپا۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کو قوم کے دشمنوں کا قلع قمع کرنے کے لیے آزادا چھوڑ دیا گیا ہے۔ راجناتھ سنگھ کے اس بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسلام آباد میں دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنے دفاع کی پوری صلاحیت رکھتا ہے اور کہا کہ ہم بھارت کو انتہائی احتیاط برتنے کا مشورہ دیتے ہیں کیونکہ اس کی جارحانہ بیان بازی سے علاقائی امن اور استحکام کو خطرہ ہے اور جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک ماحول کو غیر مستحکم کرتا ہے۔