لاہور: لاہور کی انسداد دہشت گری کی عدالت نے عدم پیشی پر جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ سمیت 7 مقدمات میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حاضری معافی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے عبوری ضمانت کی درخواست خارج کردی۔ لاہور کی انسدادِ دہشت گری کی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف 9 مئی سمیت دیگر واقعات میں ضمانتوں کی درخواست پر سماعت جج اعجاز بٹر نے کی۔
عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدم پیشی پر چیئرمین تحریک انصاف کی درخواستِ ضمانت خارج نہیں ہوسکتی۔وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے موجود ہیں اس لیے درخواست گزار کی عدم حاضری پر تکنیکی بنیادوں پر ضمانت خارج نہیں ہوسکتی، لہٰذا عدالت تیاری کے لیے مزید وقت دےلیکن جج اعجاز بٹر نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے آج ہی دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اس وقت پنجاب کی جیل میں قید ہیں، اس لیے عدالت انہیں جیل سے طلب کرے۔ جس پر جج اعجاز بٹر نے کہا کہ عدالت کے پاس ملزمان کو طلب کرنے کا اختیار موجود ہے لیکن چیئرمین تحریک انصاف سزا یافتہ ہیں، میں کوئی نیا قانون نہیں بنا سکتا، دیکھنا یہ ہے کہ سزا یافتہ کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور ہوسکتی ہے یا نہیں۔اس پر بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی باقاعدگی سے عدالت میں پیش ہوتے رہے ہیں اور وہ اب بھی عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں۔