حیدرآباد: کئی لاکھ پودے لگانے والے پدماشری ایوارڈ یافتہ وی رامیا سڑک حادثہ میں زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ تلنگانہ کے ضلع کھمم میں اُس وقت پیش آیا جب پودوں کو پانی ڈالنے بدھ کی صبح سڑک عبور کررہے تھے۔ اسی دوران ایک بائیک نے ضلع کے پلے گوڑم کے قریب اُن کو ٹکر دے دی۔اس حادثہ کے فوری بعد مقامی افراد نے ان کو علاج کے لئے سرکاری اسپتال کھمم منتقل کیا۔Padmashree Award winner Ramya injured in road accident
ڈاکٹرس نے ان کے معائنہ کے بعد بتایا کہ ان کے ایک پیر میں فریکچر آگیا ہے اور ان کا سر بھی زخمی ہوا ہے۔اس حادثہ کی اطلاع کے ساتھ ہی ریاست کی حکمران جماعت ٹی آرایس کے رکن راجیہ سبھا و سرسبزی و شادابی میں اضافہ کیلئے بڑے پیمانہ پر پودے لگانے کی مہم گرین انڈیا چیلنج کی شروعات کرنے والے وی سنتوش کمار نے ان کا علاج کرنے والے ڈاکٹرس سے بات کی اور ان کورامیا کا بہتر علاج کرنے کا مشورہ دیا۔ ساتھ ہی رکن پارلیمنٹ نے رامیا کی جلد صحت یابی کے لئے نیک تمناوں کا بھی اظہار کیا۔