ممبئی: گزشتہ روز بھارت اور سری لنکا کے مابین وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ میں نوجوان تیز گیند باز عُمران ملک نے تیز ترین گیند پھینکنے کے معاملے میں بھارت کے ہی جسپریت بمراہ کو پیچھے چھوڑ دیا۔ اس میچ سے قبل بمراہ کی اب تک کی سب سے تیز گیند 153.36 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تھی۔ اس کے بعد محمد شامی (153.3 کلومیٹر فی گھنٹہ)، نودیپ سینی (152.85 کلومیٹر فی گھنٹہ) کا نمبر آتا ہے۔ شائقین اور ماہرین نے بھی عُمران کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔ عمران ملک نے شناکا کو ایک تیز گیند پر آؤٹ کیا۔ انہوں نے جس گیند پر شاناکا کو پویلین بھیجا اس کی رفتار 155 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی اور یہ میچ کی تیز ترین گیند بھی تھی۔ Umran Malik Becomes Fastest Indian Bowler
تفصیلات کے مطابق بھارتی ٹیم کے تیز گیند باز عُمران ملک نے ایک بار پھر اپنی تیز رفتاری سے مخالف بلے بازوں کو پریشان کر دیا۔ سری لنکا کے خلاف سیریز سے قبل عمران نے کہا تھا کہ وہ پاکستانی فاسٹ باؤلر شعیب اختر کا کرکٹ کی دنیا میں تیز ترین گیند پھینکنے کا ریکارڈ توڑ دیں گے۔ اب عمران نے اس تاریخی ریکارڈ کو توڑنے کی طرف ایک مضبوط قدم اٹھایا ہے۔ انہوں نے سری لنکا کے خلاف سیریز کے پہلے میچ میں 155 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے بولنگ کی جس کا جواب سری لنکن کپتان داسن سناکا کے پاس نہیں تھا۔ داسن سناکا عُمران کی یہ آگ اگلنے والی گیند کھا کر حیران رہ گئے۔ سری لنکن کپتان نے اس گیند پر آف سائیڈ پر شاٹ کھیلا جسے فیلڈر یُزویندر چہل نے آسانی سے کیچ کر لیا۔ یہ گیند اس میچ کی تیز ترین گیند تھی۔ یہ واقعہ سری لنکا کی اننگز کے 17ویں اوور کی چوتھی گیند پر پیش آیا۔ سناکا 27 گیندوں پر 45 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور یہ میچ کا ٹرننگ پوائنٹ بھی تھا۔ یہاں سے بھارتی ٹیم نے فتح کی طرف مضبوط قدم بڑھائے۔ عُمران ملک کی اس تیز گیند کا ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہو رہا ہے۔ اس میچ میں 4 اوورز کرتے ہوئے عُمران نے 27 رنز دیے اور 2 اہم وکٹیں حاصل کیں۔ Imran Malik's Fastest Ball