جموں:پلوامہ میں کشمیری پنڈت سنجے شرما کے قتل کے بعد جموں میں لوگوں میں کافی غصہ ہے۔ منگل کے روز مختلف تنظیموں نے ٹارگٹ کلنگ کے خلاف جموں میں احتجاج کیا۔ بھارتیہ جنتا یوا مورچہ، ڈوگرہ فرنٹ، عام آدمی پارٹی، کشمیری پنڈت ملازمین و دیگر انجمنوں کے بینر تلے جموں میں احتجاج کیا گیا اور پاکستان کے پتلے جلا کر پاکستان اور عسکریت پسندوں کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ بی جے وائی ایم کے ریاستی صدر ارون پربھات کی قیادت میں کارکنان کاچی چھاؤنی میں جمع ہوئے اور پلوامہ میں تعینات سیکورٹی گارڈ (کشمیری ہندو) سنجے شرما کے قتل کی مذمت کی۔
اس موقع پر انہوں نے ریاستی حکومت سے عسکریت پسندوں کی فوری شناخت کرکے انہیں ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ رانی پارک علاقہ میں ڈوگرہ فرنٹ نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور پاکستان کا پتلہ نذر آتش کیا۔ دوسری جانب سات مہینوں سے احتجاج پر بیٹھے مہاجر کشمیری ملازمین نے بھی اس ہلاکت کے خلاف ریلیف کمشنر دفتر جموں کے احاطے میں احتجاج کیا۔ مظاہرین نے وادی کشمیر میں رہنے والے ہندوؤں کی سیکورٹی کو مضبوط کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کشمیری پنڈت ملازمین کو کشمیر سے جموں منتقلی کی مانگ دہراتے ہوئے ایل جی انتظامیہ سے اپیل کی کہ ملازمین کو اس ہلاکت کے بعد مزید تشویش لاحق ہے کہ ان کی جانوں کو وہاں خطرہ ہے۔ وہیں شیو سینا بالا صاب ٹھاکرے گروپ نے بھی پارٹی دفتر کے باہر احتجاج کیا۔