نئی دہلی: اپوزیشن جماعتوں نے پیر کو فیصلہ کیا کہ راہل گاندھی کی نااہلی اور ملک میں جمہوریت کو پامال کرنے پر مرکزی حکومت کے خلاف منگل کو اپنا سیاہ احتجاج جاری رکھا جائے گا۔ ہم خیال اپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کی رہائش گاہ پر ہوئی، جس نے قائدین کو عشائیہ پر مدعو کیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ ہم خیال اپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ اپوزیشن جماعتوں کا احتجاج جاری رہے گا اور آج یعنی منگل کو پارلیمنٹ میں گاندھی مجسمہ کے سامنے تمام اپوزیشن سیاہ لباس پہن کر احتجاج کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں کھرگے کے چیمبر میں ہونے والی میٹنگ میں حتمی فیصلہ لیا جائے گا۔اپوزیشن رہنماوں کی میٹنگ میں یو پی اے کی چیئرپرسن سونیا گاندھی بھی موجود تھیں۔
ڈی ایم کے، این سی پی، جے ڈی یو، بھارت راشٹرا سمیتی، سی پی آئی-ایم، سی پی آئی، اے اے پی، ایم ڈی ایم کے، ٹی ایم سی، آر ایس پی، آر جے ڈی، نیشنل کانفرنس، آئی یو ایم ایل، سماج وادی پارٹی اور جے ایم ایم کے رہنما موجود تھے۔ شیوسینا (یو بی ٹی) وی ڈی ساورکر کے بارے میں راہل گاندھی کے ریمارکس پر اپنی تشویش کے سبب موجود نہیں تھی۔