بنگلورو: کانگریس کی کال پر کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو میں اپوزیشن جماعتوں کی دو روزہ میٹنگ ہو رہی ہے جس میں 26 پارٹیاں شرکت کر رہی ہیں۔ پیر کو اپوزیشن لیڈروں نے ایک ڈنر میٹنگ کی، جس کے بعد کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ ہم خیال اپوزیشن جماعتیں سماجی انصاف، جامع ترقی اور قومی بہبود کے ایجنڈے کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کریں گی۔
ڈنر میٹنگ کے بعد کھڑگے نے ٹویٹ کیا کہ اچھی شروعات کا مطلب آدھا کا ہوگیا!"ہم خیال اپوزیشن جماعتیں سماجی انصاف، جامع ترقی اور قومی بہبود کے ایجنڈے کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کریں گی۔ ہم بھارت کے لوگوں کو نفرت، تقسیم، معاشی عدم مساوات اور لوٹ مار کی ظالمانہ اور عوام دشمن سیاست سے نجات دلانا چاہتے ہیں۔ ہم ایک ایسا بھارت چاہتے ہیں جس میں انصاف، آزادی، مساوات اور بھائی چارے کے آئینی اصولوں کے تحت حکومت ہو۔ ہم ایک ایسا بھارت چاہتے ہیں جو کمزور ترین لوگوں کو امید اور اعتماد فراہم کرے اور ہم اس بھارت کے لیے متحد ہیں۔
اس سے قبل بنگلورو میں اپوزیشن پارٹیوں کی ڈنر میٹنگ میں ملکارجن کھڑگے، راہل گاندھی، سونیا گاندھی، ایم کے اسٹالن، اروند کیجریوال، نتیش کمار، لالو پرساد یادو، ممتا بنرجی اور دیگر جیسے رہنماؤں نے شرکت کی۔ قبل ازیں کرناٹک کے وزیر اعلیٰ اور کانگریس لیڈر سدارامیا نے بنگلورو میں اپوزیشن کے ڈنر کے مقام پر آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو اور پارٹی لیڈر-بہار کے نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو کا استقبال کیا۔ انہوں نے اپوزیشن کی میٹنگ کے مقام پر دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال، اے اے پی ایم پی سنجے سنگھ اور اے اے پی ایم پی راگھو چڈھا کا بھی استقبال کیا۔ جے ڈی (یو) لیڈر اور بہار کے سی ایم نتیش کمار بھی بنگلورو میں اپوزیشن کے عشائیہ میٹنگ کے لیے پہنچے۔