نئی دہلی: سپریم کورٹ نے 14 سیاسی جماعتوں کی عرضی پر سماعت کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ اپوزیشن سیاسی جماعتوں نے اس عرضی میں کہا ہے کہ مرکزی حکومت تحقیقاتی ایجنسیوں کا غلط استعمال کر کے سیاسی مخالفین کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔ اس لیے تفتیشی اداروں اور عدالتوں کے لیے گرفتاری اور ریمانڈ سے متعلق رہنما اصول بنائے جائیں۔ اس معاملے میں 5 اپریل کو سماعت ہوگی۔ خاص بات یہ ہے کہ ان 14 سیاسی جماعتوں میں ملک کی سب سے بڑی اپوزیشن پارٹی کانگریس بھی شامل ہے۔
ابھیشیک سنگھوی نے سی جے آئی ڈی وائی چندرچوڑ کو بتایا کہ سیاسی مخالفین کو گرفتار کرنے کے لیے مرکزی حکومت کے ذریعہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے غلط استعمال کے خلاف چودہ سیاسی جماعتوں نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ ہم مستقبل کی سمت تلاش کر رہے ہیں۔ 2014 کے بعد درج ہونے والے مقدمات کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ سزا کی شرح صرف 4-5% ہے۔ واضح رہے کہ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے 14 سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کا کام کیا ہے۔ ان جماعتوں میں کانگریس، ڈی ایم کے، اے اے پی، ٹی ایم سی، بی آر ایس وغیرہ شامل ہیں۔