نئی دہلی: اپوزیشن اتحاد انڈیا نے جمعرات کو اعلان کیا کہ وہ 14 ٹیلی ویژن اینکرز کے شوز کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انڈیا بلاک کی میڈیا کمیٹی نے ان صحافیوں کے پروگراموں کا بائیکاٹ کرنے اور اپنے نمائندوں کو ایسے چینلز یا پلیٹ فارمز پر ہونے والے مباحثوں میں نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اپوزیشن بلاک کی میڈیا کمیٹی کے ایک بیان میں کہا گیا ہے، "13 ستمبر 2023 کو انڈیا کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلے کے مطابق انڈیا اتحاد کی پارٹیاں اپنے نمائندے درج ذیل اینکرز کے شوز اور پروگراموں میں نہیں بھیجیں گی۔
انڈیا اتحاد کے اس فیصلے کو بی جے پی نے ایمرجنسی سے موازنہ کیا ہے۔ جبکہ دی نیوز براڈکاسٹرز اینڈ ڈیجیٹل ایسوسی ایشن (این بی ڈی اے) نے کہا کہ بائیکاٹ ایک خطرناک مثال قائم کرتا ہے اور جمہوریت کے اخلاق کے خلاف ہے۔ ملک میں صحافیوں کی سب سے بڑی تنظیم نیشنل یونین آف جرنلسٹس (انڈیا) نے بھی حزب اختلاف کے اتحاد انڈیا میں شامل 26 پارٹیوں کی جانب سے صحافیوں کے بائیکاٹ کے اعلان کی مذمت کرتے ہوئے اس اقدام کو دباؤ قرار دیتے ہوئے میڈیا اور جمہوریت پر حملہ قرار دیا۔
انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس سے وابستہ این یو جے آئی کے صدر راش بہاری نے جمعرات کو یہاں ایک بیان میں کہا کہ اپوزیشن اتحاد میں شامل جماعتوں نے میڈیا پر بھی سیاست کی ہے۔ یہ مکمل طور پر نامناسب اور ناقابل قبول ہے۔ اس سے ان جماعتوں میں جمہوری اقدار کا شدید فقدان بھی ظاہر ہوتا ہے۔ جلد ہی این یو جے آئی صحافیوں کی دیگر تنظیموں کے ساتھ ایک بڑا اجلاس منعقد کرے گی اور اس طرح صحافیوں کے بائیکاٹ کے خلاف لائحہ عمل طے کرے گی اور تحریک کا خاکہ تیار کرے گی۔