اترپردیش کے ضلع بلیا میں یوپی بورڈ انٹرمیڈیٹ UP Board Intermediate کے انگریزی مضمون کا پرچہ لیک ہونے کے بعد 24 اضلاع میں امتحان کو فوری اثر سے منسوخ کردیا گیا۔ امتحان آج دوسری شفٹ میں 2بجے سے ہونا تھا۔ حکومتی ترجمان کے مطابق اب اس مضمون کا امتحان 13اپریل کو صبح 8 تا11:15 بجے کے درمیان منعقد ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے واقعہ کا سخت نوٹس لیا ہے۔ ضلع بلیا کے ڈسٹرکٹ انسپکٹر آف اسکول(ڈی آئی او ایس) برجیش کمار کو فوری اثر سے معطل کردیا گیا ہے۔ وہیں جانچ کی ذمہ داری ایس ٹی ایف کو دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پرچہ لیک معاملے میں جو بھی قصواور پایا جائے گا اس کے خلاف نیشنل سیکورٹی ایکٹ(این ایس اے) کے تحت کارروائی کی جاسکتی۔ موصول اطلاعات کے مطابق پولیس نے اس معاملے میں کچھ افراد کو گرفتار کیا ہے۔ وہیں جن اضلاع امتحان منسوخ کیا گیا ہے ان میں بلیا، ایٹہ، باغپت، بدایوں، سیتاپور، کانپور دیہات، للت پور، چترکوٹ، پرتاپ گڑھ، گونڈہ، اعظم گڑھ، آگرہ، وارانسی، مین پوری، متھرا، علی گڑھ، غازی آباد، شاملی، شاہجہاں پور، اناؤ، جالون، مہوبہ، امبیڈکر نگر شامل ہیں۔ بورڈ کے چیئرمین و ڈائرکٹر ونئے پانڈے نے بتایا کہ ضلع بلیا میں انگریزی مضموں کے 316ای ڈی اور 316ای آئی سیریز کے لیک ہونے کے امکانات کے پیش نظر 24 اضلاع میں امتحان کو منسوخ کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بقیہ اضلاع میں متعلقہ مضموں میں امتحان منعقد ہوا ہے۔