نئی دہلی: اپوزیشن کے انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل انکلوسیو الائنس (I.N.D.I.A) کے ممبران پارلیمنٹ کا 21 رکنی وفد تشدد زدہ منی پور کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد قومی دارالحکومت واپس پہنچ گیا ہے۔ وفد پیر کو پارلیمنٹ میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھرگے کے چیمبر میں ملاقات کر کے شمال مشرقی ریاست کی صورتحال سے آگاہ کریں گے۔ اپنے دو روزہ دورے کے دوران حزب اختلاف کے اراکین پارلیمنٹ نے امپھال، بشنو پور ضلع کے موئرنگ اور چورا چند پور میں کئی ریلیف کیمپوں کا دورہ کیا اور نسلی جھڑپوں کے متاثرین سے ملاقات کی۔
اتوار کو رہنماؤں نے منی پور کی گورنر انوسویا یوکی سے راج بھون میں ملاقات کی اور انہیں ایک میمورنڈم سونپا اور ان سے انصاف کی بنیاد تمام موثر اقدامات کرتے ہوئے امن اور ہم آہنگی کو بحال کرنے کی درخواست کی۔ 'انڈیا' اتحاد نے زور دیا کہ منی پور نسلی تنازعہ، جو گزشتہ تین ماہ سے جاری ہے، اگر اسے جلد حل نہ کیا گیا تو ملک کے لیے سلامتی کے مسائل پیدا کر سکتے ہیں۔