لکھنؤ: حج کمیٹی آف انڈیا نے 4 دسمبر سے حج 2024 کے لیے آن لائن درخواستوں کا آغاز کر دیا ہے، جس کی آخری تاریخ 20 دسمبر مقرر کی گئی ہے۔ عازمین حج، حج کمیٹی آف انڈیا کی آفیشیل ویب سائٹ (hajcommittee.gov.in) سے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔ لیکن اس بات کا خاص خیال رکھنا ضروری ہے کہ خواہشمند عازمین حج کے پاسپورٹ کی معیاد 31 جنوری 2025 تک ہونی چاہیے۔
اترپردیش اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین محسن رضا نے کہا کہ فارم بھرنے کی سہولت ریاستی حج کمیٹی کے دفتر لکھنؤ کے علاوہ دیگر اضلاع میں بھی دستیاب ہے۔ کسی بھی تعاون اور مدد کے لیے آپ حج کمیٹی اترپردیش کے دفتر سے رابطہ بھی کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حج پالیسی 2023 کے تحت حج کمیٹی آف انڈیا نے اعلان کیا ہے کہ حج 2024 کے لیے جاری کردہ فارم پر کوئی بھی فیس نہیں رکھی گئی ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ حاجیوں کو ہر قسم کی سہولیات کے لیے ملک بھر میں 25 سینٹر قائم کیے جائیں گے۔ محسن رضا نے یہ بھی بتایا کہ سال 2024 میں حج کا وی آئی پی کوٹہ ختم کردیا گیا ہے۔ 70 سال سے زیادہ عمر کے عازمین حج کو ترجیح دی جائے گی۔ اس کے علاوہ اس بات کا بھی خیال رکھا جائے گا کہ حج کا سفر ممکن حد تک سستا رہے۔